حادثے میں 15 افراد موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے ، 4 نے الائیڈ ہسپتال میں جان دے دی ، زخمیوں کا ہسپتال میں علاج جاری
لاہور (یس اُردو) لاہور سے لیہ جانے والی بس جھنگ روڈ پر ٹرالر سے ٹکرا گئی ، 19 افراد جاں بحق 15 زخمی ہوگئے ، باپ کے ساتھ گھر واپس جاتے ہوئے دسویں جماعت کےطالب علم کا یہ سفر آخرت ثابت ہوا ،منگل کی رات لاہور سے امیدوں کا جہان سجائے مسافر بس پر سوار ہو کر اپنی منزل کی طرف گامزن ہوئے لیکن بد قسمت بس کا جھنگ روڈ فیصل آباد پر ٹرالر کے ساتھ ہولناک تصادم ہوا جس سے 15 مسافر موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ریسکیو حکام نے 19 افراد کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جن میں سے 4 زندگی کی بازی ہار گئے ، اور یوں 19 افراد کا یہ سفر آخری بن گیا ۔جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں سے بیشتر افراد کا تعلق فتح پور ، لاہور اور فیصل آباد سے ہے ۔ لاہور میں رشتہ داروں کے گھر سے باپ کے ہمراہ واپس آنے والا 15 سالہ شیراز یعقوب بھی لقمہ اجل بن گیا ۔ باپ کہتا ہے کہ بیٹے کا جمعرات کو میڑک کا پریکٹیکل تھا کہ لیکن زندگی نے مہلت ہی نہیں دی ۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔ بس اور ٹرالر کو قبضہ میں لے لیا گیا ہے ۔