صنعا: اسرائیل نے الزام لگایا ہے کہ شامی ائیر فورسز نے ہماری چوکیوں پر 20 میزائل داغے ہیں جب کہ شام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے لبنانی حدود سے گزر کر ہم پر حملہ کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام اور اسرائیل کی مسلح افواج کے درمیان سرحدی علاقے گولان میں جھڑپیں جاری ہیں اور ایک دوسرے پر میزائلوں سے حملے کئے جارہے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے القنطیرہ کے متعدد علاقوں پر گولہ باری کی جبکہ جنوبی دمشق میں بھی ایرانی پوزیشن کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی حکام نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ایرانی القدس کور نے ہماری چوکیوں پر میزائل حملے کئے اور گولان میں ایرانی فورسز کی جانب سے 20 میزائل داغے گئے جبکہ ہمارے ڈیفنس سسٹم نے کئی ایرانی میزائل مار گرائے تاہم اس دوران کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ دوسری جانب روسی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے لبنانی فضائی حدود سے گزر کر شام کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا، جب کہ شامی ائیرڈیفنس سسٹم سے اسرائیلی میزائلوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم لڑائی میں پہل کس نے کی ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔