لاہور: معروف کلاسیکل رقاصہ نمرین بٹ کی فلمی میدان میں انٹری، دوپروجیکٹس کی شوٹنگ سے ایکٹنگ کیرئیر کی اننگز کا آغاز کردیا۔
نمرین بٹ نے بتایا کہ کیمرے کی آنکھ میں آنکھیں ڈال کربات کرنے کا فن واقعی ہی بہت منفرد اورنرالا ہے۔ مجھے اندازہ ہی نہ تھا کہ ایکٹنگ کرنا کس قدر مشکل ہے۔ میں نے تواپنی زندگی میں تمام ترتوجہ رقص پرمرکوزرکھی اوربڑی محنت کے ساتھ کلاسیکی موسیقی میں اپنا نام بنایا لیکن اب اداکاری کے شعبے میں انٹری دینے کے بعد مجھے اس کی باریکیوں کا پتہ چل رہا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ ماضی کی معروف ہیروئنیں صبیحہ خانم، شمیم آراء، فردوس، بہار، نشو، شبنم، بابرہ شریف، رانی اورسنگیتا سمیت دیگرنے جس طرح سے اداکاری کے شعبے کواپنی صلاحیتوں سے انمول بنایا، اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ رقاصہ نے کہا کہ مجھے فلم کی شوٹنگ کے دوران خاصی دشواریوں کا سامنا رہا ہے لیکن جہانگیرجانی جوکہ بہت تجربہ کار اداکارہیں، ان کی رہنمائی سے مجھے اپنے کردارمیں حقیقت کے رنگ بھرنے میں آسانی ہورہی ہے۔