اس منظر کو دیکھتے ہی لوگوں کو پہلا خیال یہ آیا کہ آخر یہ لومڑیاں بغیر کسی سیڑھی اور سہارے کے چھت تک پہنچیں کیسے؟
لاہور: امریکی ریاست کولوراڈو کے علاقے بریکن رج کے رہائشی اس وقت حیران رہ گئے جب ایک صبح گھروں سے نکلنے کے بعد انہوں نے ایک گھر کی چھت پر 2 لومڑیوں کو براجمان پایا وہ بھی برف پر،کیونکہ اس علاقے میں شدید برفباری ہو رہی ہے جیسا کہ زیر نظر تصاویر میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔
اس منظر کو دیکھتے ہی لوگوں کو پہلا خیال یہ آیا کہ آخر یہ لومڑیاں بغیر کسی سیڑھی اور سہارے کے چھت تک پہنچیں کیسے ؟لیکن کچھ دیر بعد ہی یہ معمہ حل ہوگیا۔
ہوا کچھ یوں کہ شدید برفباری کے بعد بعض لوگوں نے اپنے گھر کے سامنے سے برف ہٹا کر اسے ایک طرف ڈھیر کردیا تھا اور یہ ڈھیر چھوٹی چھوٹی پہاڑیوں کی شکل اختیار کرگیا تھا۔اس طرح اپنی چالاکی کے لیے مشہور لومڑیاں بآسانی ان برفانی پہاڑیوں پر چڑھ کر گھر کی چھت کے اوپر بیٹھ گئیں جہاں آتش دان کی چمنی سے نکلنے والے دھویں نے اس جگہ کو گرم کردیا تھا۔