ریاض ……امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ریاض میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔
امریکی وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے تھے، جہاں انہوں نے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے خطے کی سیاسی صورت حال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس کے علاوہ جان کیری نے خلیج تعاون کونسل کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے شام میں قیام امن سے متعلق جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بات چیت کی ۔اس سے قبل جان کیری نے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے ملاقات کی ، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر بلیک لسٹ کیا ہوا ہے۔