وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں یونیورسٹی روڈ کا اچانک دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر میں جاری دیگر تعمیراتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یونیورسٹی روڈ، طارق روڈ، گلستان جوہر اور شارع فیصل پر جاری ترقیاتی کام کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اپنے اسٹاف کو ٹریفک نہ روکنے کی سختی سے ہدایت کی۔ مراد علی شاہ نے سڑکوں کے اطراف تجازوات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد خاتمے کی بھی ہدایت جاری کیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ حسن اسکوائر سے جامع مسجد بیت المکرم تک ایک طرفہ کی سڑک تعمیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے ڈی جی پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نیاز سومرو سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کا کام دن رات کرکے پورا کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نےٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ طارق روڈ میں سڑک پر گاڑیاں پارک نہ کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے نجی اسپتال میں زیر علاج پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا کی عیادت بھی کی۔