شکارپور میں بائی پاس کے نزدیک مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم، 4افراد جھلس کر جاں بحق 20سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ مسافر کوچ جیکب آباد سے کراچی جارہی تھی۔
تصادم کے بعد کوکوچ میں آگ بھڑک اٹھی، چند ہی لمحوں میں آگ نے خطرناک صورتحال اختیار کرلی، مسافروں نے کوچ میں چیخ و پکار شروع کردی، موقع پر موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششیں کیں۔اس دوران سکھر، جیکب آباد، خیرپور سمیت دیگر علاقوں سے ایدھی ایمبولینس کی گاڑیاں طلب کرلی گئیں جبکہ شکار پور وقریبی علاقوں سے فائر برگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور فائر برگیڈ کے عملے نے آگ پر قابوپانا شروع کیا۔امدادی ٹیموں نے مسافر کوچ کے شیشے توڑ کر کوچ میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ایدھی سکھر کے انچارج گل مہر کے مطابق حادثے کے بعد کوچ میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر 4افراد جاں بحق اور20سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں کوچ کا ڈرائیور اور ایک بچہ بھی شامل، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حادثے کے فوری بعد سول اسپتال شکارپور میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔جاں بحق افراد اور زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئیں اور خون کے عطیات دینے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ سول اسپتال شکارپور پہنچے۔حادثے کے بعد امدادی کاموں میں فائر برگیڈعملے، ایدھی کے رضا کاروں، شکارپور پولیس اور علاقہ مکینوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے کوچ میں لگی ہوئی خوف ناک آگ پر قابو پایا اور کوچ میں پھنسے مسافروں کو گاڑی کے شیشے دروازے توڑ کر باہر نکالا کر متعدد قیمتی جانوں کو بچانے میں کامیاب ہوئے۔پولیس کے مطابق حادثے کا شکار بد قسمت مسافر کوچ جیکب آباد سے کراچی جارہی تھی۔ آخری اطلاعات آنے تک جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے نام معلوم نہیں ہوسکے، پولیس حادثے کی تفتیش کررہی ہے۔