نئی دہلی…..بھارتی ریاست کرناٹک کے گورنرواجو بھائی ولا کالج کی طالبات سے متعلق ایک بیان دے کر مشکل میں پھنس گئے ۔ انہوں نے لڑکیوں کو فیشن سے جان چھڑانے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں کالج پڑھنے جاتی ہیں،بیوٹی مقابلے میں حصہ لینے نہیں اس لئے لپ اسٹک لگا کر اور آئی برو بنا کر کالج نہیں جانا چاہئے ،انہیں بالوں کے اسٹائل بنانے کی بھی ضرورت نہیں۔انہوں نے یہ بیان انڈین سائنس کانگریس کے ایک اجلاس میں دیئے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ذہانت مردو خواتین دونوں میں ہو تی ہیں تاہم خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ سنجیدہ ہیں، وہ لڑکوں کو مقابلے میں زیادہ محنت سے پڑھتی ہیں ۔انہوں نے لڑکوں کو بھی نصیحت کر ڈالی کہ وہ اپنی بری عادات سے چھٹکارا حاصل کریں۔انہوں نے حقیقت پر مبنی جملہ مزاحیہ اندا ز میں کہا کہ آج کی نسل بہت زیادہ امتحانی نمبرز حاصل کر رہی ہے،مارکس حاصل کرنے کی عمومی شرح 90سے 95فیصد ہے جبکہ ہم اپنے دور میں اس اسکور تک تین سال کے مجموعی نمبر لے کر بھی نہیں پہنچ پاتے تھے۔ بھارتی گورنر کے ان ریمارکس نے بھارت میں طوفان کھڑا کردیا ہے۔