کولمبو : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل جمعرات کو ہوگا، تازہ دم پاکستانی شاہین سری لنکن ٹائیگرز پر جھپٹنے کو تیار ہیں،نئی کمک پہنچنے سے قومی اسکواڈ کے حوصلے توانا، عمراکمل، سہیل تنویر، نعمان انور اور کپتان شاہد آفریدی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے کے لیے پرعزم جبکہ انجرڈ وہاب ریاض کی جگہ موقع پانیو الے ضیا انٹرنیشنل ڈیبیو کے منتظرہیں۔
قومی کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کھیل میں فیلڈنگ کا شعبہ بہت اہم ہے۔جیت کے لیے پراعتماد ہیں ، سری لنکا کو آسان نہیں لے سکتے، ٹی 20میں آرام سے کھیلنے کا آپشن نہیں ہوتا،اس کے علاوہ بدھ کو ٹیم نے چار گھنٹے تک بھرپور پریکٹس بھی کی۔تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ اور ون ڈے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کی سیریز جمعرات سے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں شروع ہونے جارہی ہے، قومی ٹیم نے مصباح الحق کی زیرقیادت ٹیسٹ سیریز میں2-1سے فتح پائی جبکہ ون ڈے میں اظہرعلی نے گرین شرٹس کو 3-2 سے سرخرو کرایا ہے۔
2006 کے بعد سری لنکا میں پاکستان کے ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز جیتنے کا یہ پہلا موقع رہا ہے، تاہم سری لنکا سردست ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن اور آئی سی سی رینکنگ میں نمبرون ہے، مختصر فارمیٹ کے ان مقابلوں میں دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کی زیر قیادت نئے روپ میں دکھائی دیں گی، سری لنکن ٹیم کی قیادت تجربہ کار پیسر لسیتھ مالنگا کے سپرد ہوگی، مالنگا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں تاہم انھوں نے ون ڈے سیریزکے چار ابتدائی مقابلوں میں شرکت کی تھی لیکن وہ اس میں کوئی خاص پرفارمنس پیش نہیں کرپائے ہیں۔
اسی طرح پاکستانی ٹی20 کپتان شاہد آفریدی بھی طویل دورانیے اور ون ڈے کرکٹ کوخیرباد کہ چکے ہیں، پی سی بی نے انھیں آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی20 تک قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے، دونوں ممالک کے لیے حالیہ سیریز آنے والے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اپنے پلیئرز کو تجربہ فراہم کرنے کا بہترین موقع ہے، پاکستان کی موجودہ ٹوئنٹی20 میں پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جو اس سے قبل ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں شامل نہیں رہے۔