اسلام آباد (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف اینکر پرسن منیب فاروق نے کہا کہ میرے خیال میں میاں صاحب فی الوقت کوئی تحریک نہیں چلائیں گے۔ میاں صاحب کے لیے یہ عبوری ریلیف ہیں لہٰذا وہ اس بات کا انتظار کریں گے
ہائیکورٹ کے اندر ان کی اپیل کی مکمل سماعت ہو جائے۔ اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر ان کی اپیل کا فیصلہ ان کے حق میں آجائے تو ہو سکتا ہے کہ اس وقت میاں صاحب کھُل کر باتیں کرنا شروع کر دیں۔ الیکشن سے قبل انہوں نے خلائی مخلوق کا تذکرہ اس لیے کیا کیونکہ الیکشن آنے والا تھا اور وہ اپنے بیانیے کو مضبوط بنانا چاہتے تھے، الیکشن بھی گزر گیا اور جیل کا منہ بھی دیکھ لیا۔ جیل سے باہر بھی آگئے۔ منیب فاروق نے کہا کہ اب کچھ بھی کر لیں حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہےاور اگلے پانچ سال میں سمجھتا ہوں کہ اسی حکومت نے کام کرنا ہے اور اسی حکومت کو کام کرنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ اب مجھے میاں صاحب فی الحال کوئی بڑی تحریک چلاتے ہوئے نظر نہیں آتے۔ لیکن یہ میں آپ کو بتا دوں کہ اب میاں نواز شریف کے خلاف باقی دو ریفرنسز کا فیصلہ ہو گا ، دوبارہ جیل جائیں گے اور باہر نکل آئیں گے ، اس کے بعد بالآخر یہ تمام کیسز ہائیکورٹ کے لیول پر ہی ہوں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جو بنیادی کیس تھا وہ ایون فیلڈ تھا، باقی دو کیسز اس سے جُڑے ہوئے ہیں۔
باقی دونوں کیسز بعد میں سامنے آئے ہیں۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پراسیکیوشن ٹھیک نہیں ہوئی، ایسا بالکل نہیں ہے کیونکہ احتساب عدالت میں بھی یہی پراسیکیوشن تھی اور عدالت تبدیل ہونے سے کیس کا میرٹ تبدیل نہیں ہو سکتا۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کرکے لاہور لایا گیا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک بھر میں ضمنی انتخابات چودہ اکتوبر 2018 کو منعقد کرانے کا اعلان کر چکا ہے،یہ الیکشن قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں پر منعقد ہوں گے جس کیلئے سیاسی جماعتوں کی بھر پور تیاریاںجا ری ہیں ،مسلم لیگ ن نے بھی نواز شریف کے بیانیہ کو بنیاد بناکر سیاسی لڑائی لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا کی معطلی کے بعد میاں نواز شریف اوران کی بیٹی مریم نواز کارکنوں کومتحرک رکھنے کیلئے سیاسی سرگرمیاں شروع کر رہے ہیں اس مقصد کیلئے جاتی امراء میں آج پارٹی رہنمائوں سے ضمنی انتخابات پر مشاورت ہو گی۔ خصوصی اجلاس میں نیب مقدمات پر قانونی ٹیم سے صلاح مشورہ کرکے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی ،ذرائع کے مطابق مریم نواز بھی ضمنی الیکشن میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی جس کیلئے وہ پوری طرح سے تیار ہیں جبکہ ن لیگ کے مرکزی رہنما بھی مریم نواز کونوازشریف کے بیانیہ کی بنیاد پراہم کردارسونپنے کو تیار ہیں۔ واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نوازشریف،مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی سزا کی معطی سے نواز شریف کے بیانیئے کو تقویت ملی ہے ۔