بلوچستان حکومت کے وکیل کی درخواست واپس لینے کی استدعا پر کیس خارج کر دیا گیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سانحہ کوئٹہ پر کمیشن تشکیل کیخلاف بلوچستان حکومت کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے ۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے تمام تحفظات کمیشن کے سامنے بیان کرے، کمیشن رپورٹ کو پبلک کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ عدالت کرے گی ۔
چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنیچ نے سانحہ کوئٹہ پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں کمیشن بنائے جانے کیخلاف بلوچستان حکومت کی درخواست پر سماعت کی ۔ صوبائی حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اختیار کیا کہ جسٹس قاضی سانحہ کوئٹہ سے متعلق اپنے خیالات کا متعدد بار اظہار کر چکے ہیں ، ان کے ریمارکس میڈیا پر بھی آئے ہیں، سانحے کی تحقیقات حساس ہیں ، کمیشن کی کاروائی اوپن ہونے سے تحقیقات متاثر ہوں گی ۔
چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ کمیشن نامزدگی عدالتی صوابدید ہے، تمام فریقین کی موجودگی میں جسٹس قاضی فائز کا نام دیا گیا، اداروں کی جانب سے سانحہ کوئٹہ کو سنجیدہ نہ لینے پر کمیشن تشکیل دیا، رپورٹ آنے کے بعد اسے پبلک کرنے یانہ کرنے کا فیصلہ کرینگے ۔بلوچستان حکومت اپنے تمام تحفظات کمیشن کے سامنے بیان کرے ، واقعہ کی حساسیت کے مدنظر کمیشن چاہے تو ان کیمرہ کارروائی کر سکتا ہے ۔ بلوچستان حکومت کے وکیل کی درخواست واپس لینے کی استدعا پر کیس خارج کر دیا گیا ۔