کراچی (یس ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹارگٹڈ ٓپریشن کے دوران جدید ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ آرمی چیف نے پکڑے جانے والے اسلحے کا معائنہ کیا اور رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں امن کی بحالی کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ مذہبی ، سیاسی، لسانی اور علاقائی تفریق سے بالاتر ہو کر آپریشن جاری رکھا جائے۔
جنرل راحیل شریف نے باور کرایا کہ ملک کی خوشحالی کراچی کے امن سے منسلک ہے۔ سیاسی قوتوں کو کراچی میں مستقل امن کیلئے سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہو گا۔ سیاسی مصلحت کے تحت غیر جانبدارانہ فیصلے نہیں کیے جا سکتے۔ پولیس کو غیرسیاسی اور بااختیار بنایا جائے اور اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلے ایپکس کمیٹی کے ذریعے کیے جائیں۔ جنرل راحیل شریف نے تھیلی سیمیا کے مرض میں مبتلا کمسن شعیب سے بھی ملاقات کی اور شعیب کی خواہش پر اسے ایک دن کے لیے سپاہی بنایا گیا ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کورکمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار نے بھی ملاقات کی۔