کراچی پولیس کے 870 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی ترقی کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ سالوں سے منتظر اے ایس آئیز کو پروانے رواں ہفتے میں ہی مل جائیں گے۔
ڈی آئی جی ایڈمن کراچی غلام سرور جمالی نے جیو نیوز کو بتایا کہ محکمانہ کمیٹی نے ان ترقیوں کی منظوری دے دی ہے، نوٹیفکیشن ایک دو روز میں جاری کردیا جائے گا۔ ڈی آئی جی غلام سرور جمالی کے مطابق یہ ترقیاں سال 2002 اور اس کے بعد میں بھرتی کئے گئے افسران کو دی گئی ہیں جن میں سے بیشتر 14 سال سے ترقی کے منتظر تھے۔ ان میں سے کئی درجن پولیس افسران ایسے بھی ہیں جو آؤٹ آف ٹرن ترقیاں لے کر کئی کئی سال تک مختلف تھانوں میں ایس ایچ اوز تعینات رہ چکے ہیں۔ انہیں عدالتی احکامات پر تنزلیوں کے بعد اے ایس آئی بنا دیا گیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی ایڈمن نے بتایا کہ چند ماہ کے دوران کراچی پولیس کے 4500 افسران اور اہلکاروں کو ترقیاں دی گئی ہیں۔ ترقیوں سے پولیس فورس کا مورال بلند ہوگا۔