آئی بی ایم نے لاس ویگاس میں ’’ تھنک 2018ء کانفرنس ‘‘ میں ایک ملی میٹر کے برابر کمپیوٹر کی رونمائی کی۔ ایک ملی میٹر چوڑی اور ایک ملی میٹر لمبی جسامت رکھنے والے کمپیوٹر کی استعداد آئی بی ایم کے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے برابر ہے۔ اس کمپیوٹر کو ’کرپٹو اینکر‘ کا نام دیا گیا ہے جو چپ سسٹم کی طرز پر کام کرتا ہے جس میں پروسیسر، میموری، اسٹوریج اور کمیونی کیشن موڈولز بھی موجود ہیں۔
اس چپ کمپیوٹر کو ’پرائس ٹیگ، پروڈکٹ پیکیجنگ، ٹریکنگ اور کھانے پینے کی اشیاء کی ترسیل کے دوران بطور چپ نصب کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے مال برآمدی کے دوران ترسیل کی جانے والی اشیاء کا ریکارڈ بھی رکھا جا سکے گا۔ آئی بی ایم کا کہنا ہے کہ دنیا کے سب سے چھوٹے کمپیوٹر کی ہیت اور کمپیوٹنگ سسٹم منفرد ہے جو ڈیٹا کی نگرانی، تجزیہ، ڈیٹا کو وصول و منتقل کرنے اور ڈیٹا پر عمل درآمد بھی کرسکتا ہے۔
آئی بی ایم حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس چپ کمپیوٹر کو ’ ڈیٹا سورس‘ کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا جسے لاجسٹک مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جس کی مدد سے اشیاء کی ترسیل کے دوران فراڈ، دھوکے بازی اور چوری سے محفوظ رہا جا سکے گا جب کہ یہ کمپیوٹر آئندہ پانچ برس میں ہر جگہ دستیاب ہوں گے۔