اسلام آباد : وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو باجوڑ جنڈولہ ژوب لنک کی ابتدائی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جنڈولہ باجوڑ ہائی وے کو پاک چین اقتصادی راہداری سے جوڑا جائے گا، اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو فاٹا سیکرٹریٹ سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے قبائلی علاقوں میں معاشی خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی قبائلی علاقوں میں حالات معمول پر آئے، انہیں ملک بھر کے لیے کھول دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا قبائلی علاقوں کو بہت زیادہ فائدہ حاصل ہو گا۔