مصطفیٰ کمال نے کہا بھارتی ایجنسی سے تعلق ثابت ہونے پر تنظیموں کو کالعدم قرار دیا جائے۔ کہتے ہیں قائد ایم کیو ایم نے اسکاٹ لینڈ یارڈ سے کیا اعتراف کیا سب ریکارڈ پر ہے۔ حکومت معاملے پر واضح ردعمل دے۔
کراچی: (یس اُردو) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سابق برطانوی سفارتکار نے متحدہ قائد کے “را”سے تعلقات کی تصدیق کی۔ قائد ایم کیو ایم نے اسکاٹ لینڈ یارڈ سے کیا اعتراف کیا سب ریکارڈ پر ہے۔ شہریار نیازی نے بتایا متحدہ قائد نے “را” سے تحریری معاہدہ کیا۔ را سے تعلق ثابت ہونے پر تنظیموں کو کالعدم قرار دیا جائے۔ حکومت اور اداروں کو ٹھوس موقف اپنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا رحمان ملک متحدہ کے پارٹی رہنما لگتے تھے اور قائد ایم کیو ایم نے رحمان ملک کو نگرانی کیلئے رکھا ہوا تھا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا فاروق ستار صاحب ہمیں لہجے کا طعنہ دیتے ہیں اپنے قائد کی بھی تقریریں سن لیں۔ فاروق ستار نے سمجھ لیا ہے کہ ہم تو ان کے خلاف بات نہیں کر سکتے وہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے اپنی میموری ڈیلیٹ کر دی ہے ۔ جھوٹ اتنا نہ بولو کہ میں سچ بولنے لگ جاؤں ابھی بھی ڈوبتی ہوئی کشتی کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا یہ ایک ٹیم نہیں بناتے یہ مختلف ٹیمیں بناتے ہیں ایک سے کام کرا کر دوسری ٹیم سے مروا دیا جاتا ہے۔ نوجوان ان کی بنائی ہوئی ٹیموں میں حصہ نہ لیں اور ایم کیو ایم ورکرز کو دوبارہ قومی دھارے میں لایا جائے جبکہ گمشدہ لوگوں کو سوسائٹی کا حصہ بننے کا موقع دیا جائے۔ اپنے لوگوں کو لوگوں سے مروانے میں ان لوگوں نے پی ایچ ڈیز کی ہوئی ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا اگر میری زبان کھل گئی تو مسئلہ ہو گا یہ اپنے خاندان میں نہیں جا پائیں گے۔ کوشش کرتا ہوں اور اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ میری زبان نہ کھلے۔