آج کی ڈمپل کوئن’د پیکا پڈوکون‘ بنگلو ر میں 5 جنوری 1983 کو پیدا ہوئیں، اس حساب سے آج وہ اپنی 35ویں سالگرہ منارہی ہیں۔ ان کے والد’پرکاش پڈکون ‘بیڈمنٹن کے مشہورکھلاڑی ہیں۔ والد کے مقابلے میں دپیکا نے فیشن ،ماڈلنگ اور اداکاری کے شوق کو ترجیح دی۔
اداکاری کے شعبے میں انہیں ہاتھوں ہاتھوں پذیرائی ملی ۔ انہوں نے ایکٹنگ کی دنیا میں 2006 میں قدم رکھا اورتامل فلم’ ایشوریہ‘ میں اداکاری کے جوہر دیکھائے۔
سن2007میں ’اوم شانتی اوم ‘ سے بالی ووڈ میں اینٹری دی جوان کے لیے بلاک بسٹر کامیابی ثابت ہوئی۔
اپنی اداکاری کی بدولت اس فلم پر انہیں بہترین ڈبیبوایکٹریس کا فلم فیئر ایوارڈ نوازا گیالیکن اگلی کچھ فلموں میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جیسے ’لفنگےپرندے‘، ’کارتھک کالنگ کارتھک‘ اور’ بریک کے بعد‘
سال 2012آیا تو ان کی فلم ’’کاکٹیل‘‘ نے ان کامیابیوں کا دکھ یکسر ہی بھلا دیا۔ ’کاکٹیل‘ ان کے کیرئیر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ان کی ایکٹنگ کو خوب سراہا گیا۔
اگلے سال2013میں آنے والی فلم’ یہ جوانی ہے دیوانی‘،’ چنائی ایکسپریس ‘اور ’رام لیلا‘ نے ان کے کیرئیر کو وہ بلندیا ں دیں کہ ہر طرف انہی کا نام گونجنے لگا۔
سال 2015 میں فلمـ’’ باجی رائو مستانی‘‘کی کامیابی تک ان کی شہرت سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے ہالی وڈ تک جاپہنچی ۔انہیں کئی انگریزی فلموں کی ناصرف آفر ہوئی بلکہ انہوں نے ان فلموں میں کام بھی کیا ۔
رواں سال ان کی آنے والی فلموں میں ’ پد ماوتی‘ سرفہرست ہے ۔یہ فلم شروع ہی سے تنازعات میں گھری رہی یہاں تک کہ معاملہ عدالتی ایوانوں تک سنا گیا تاہم اب فلم کو کچھ مناظر حذف کرنے کے بعد نمائش کی اجازت مل گئی ہے۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں ان کےعلاوہ شاہد کپور، ادیتی رائو وغیرہ شامل ہیں۔عام مشاہدہ یہ ہے کہ متنازع بننے والی اکثر فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوتی ہیں ، ہوسکتا ہے ’پدماوتی‘ بھی ایسی ہی فلموں کی فہرست میں شامل ہوجائے۔