لاہور: مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا نمائندوں کو مبارک باد دیتی ہوں کہ آپ کی جنگ لڑنے والا آ گیا ہے، میڈیا والے اب لاوارث نہیں ہیں، میڈیا کو پاکستان کا چوتھا ستون مانتے ہیں اور جمہوریت میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مبارک باد دوں گی کہ ان کی پوری ٹیم نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اب وہ بھی ووٹ کو عزت دیں، عثمان بزدار اکیلا نہیں ہے بلکہ اسمبلی کی اکثریت ان پر اعتماد کرتی ہیں۔ مشیر اطلاعات نے میڈیا نمائندگان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی اس چیز سے آگاہ ہوں کہ آپ کے پاس معلومات تک رسائی کم ہے، آپ کے جو بلز پنڈنگ پڑے ہیں میں نے وزیراعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ وہ آپ کے ادا کیے جائیں تاکہ انڈسٹری میں جو معاشی بحران ہے اس سے نکل سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے بہتر تعلقات کے حوالے سے ترجیحات طے کی ہیں۔