ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ طے کرنے کیلئے بھارت سے رابطے میں ہیں، قومی سلامتی مشیروں کی پیرس میں ملاقات کا علم نہیں، ترجمان نے پاکستانیوں کی داعش میں شمولیت سے متعلق افغان سفیر کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا۔
اسلام آباد: (یس اُردو) مولانا مسعود اظہر کی گرفتاری، پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات، پیرس میں قومی سلامتی مشیران کی ملاقات، کیا ہو رہا ہے، دفتر خارجہ کو کچھ خبر نہیں، داعش سے متعلق افغان سفیر کے الزامات مسترد کر دئیے گئے۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کے لئے مولانا مسعود اظہر کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا یا نہیں، تصدیق نہیں کر سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ طے نہیں تھی، تاریخ کے تعین کیلئے بھارت کے ساتھ رابطے میں ہیں، قاضی خلیل اللہ نے پیرس میں پاک بھارت قومی سلامتی مشیروں کی ممکنہ ملاقات سے بھی لاعلمی کا اظہار کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے انڈونیشیاء میں ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کیخلاف ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے داعش سے متعلق افغان سفیر کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بے بنیاد بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔ دوسری جانب ترجمان بھارتی وزارت خارجہ وکاس سوارپ نے نئی دہلی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات باہمی رضامندی سے آگے بڑھائے ہیں اور جلد نئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کے سیکرٹری خارجہ رابطے میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ حملے میں تحقیقات کے پاکستانی اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور جیش محمد کے خلاف پاکستان کی کارروائی قابل تعریف ہے۔ وکاس سوارپ نے مزید کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم بھارت آتی ہے تو ہم ان کا خیر مقدم کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ بھارت نے پی آئی اے آفس پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا ہے۔