اسلام آبا د: آئندہ عام انتخابات کے دوران سیاسی قائد ین کو سکیورٹی فراہم کرنے پر غور، عوامی جلسوں کی حفاظت، اجلاس اور کارنر میٹنگز، پاک آرمی اور رینجرز کی تعیناتی، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کا جائزہ ،پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کیلئے اہم اجلاس 13 جون کو ہوگا۔
انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس 13 جون کوطلب کر لیا ہے، جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضاخان کرینگے، اجلاس میں انتخابی تیاریوں پر ایڈیشنل سیکرٹر ی ایڈمن کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، صوبائی الیکشن کمشنرز، صوبائی حکومتوں کے ساتھ انتخابات کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کرینگے، اجلاس میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے صوبوں اور وفاق کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا۔
پولنگ عملے کی حفاظت کا انتظام، الیکشن کمیشن عمارات کی حفاظت، پولنگ اسٹیشنز کی عمارات کی حفاظت کیلئے تعینات عملے کی تعداد، بیلٹ پیپر کے چھاپہ خانوں کی حفاظت، مانیٹرنگ ٹیموں کی حفاظت کیلئے حکمت عملی تشکیل دی جائے گی، اجلاس میں پاک آرمی اور رینجرز کی تعیناتی سمیت دیگر معاملات پر غو رہوگا، جن میں کوئیک رسپانس فورس کی تعداد ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی نشاندہی پر حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کا جائزہ، پولنگ اسٹیشنز پر سکیور ٹی کیمروں کا نفاذ، سکیورٹی عملے کی تربیت سمیت دیگر امور شامل ہونگے۔