لاہور (یس ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے لئے آئین میں ترمیم کا مقصد مساجد اور مدارس کو نشانہ بنانا نہیں ہے۔
پاکستان علما کونسل کے چیرمین حافظ طاہر اشرفی سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ آئینی ترمیم کا مقصد مساجد اور مدارس کو نشانہ بنانا نہیں اور مدارس کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا جائے گا اور اس حوالے سے بہت جلد مذہبی قائدین اور مدارس کے علما کا اجلاس بلائیں گے۔
اس موقع پر حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مدارس نے کبھی دہشت گردی کی حمایت نہیں کی اور تمام مذہبی قوتیں مساجد، مدارس میں دہشت گردی کے خلاف حکومت اور فوج کے ساتھ ہیں۔