اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کو 13 جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیزکے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز سے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنا جواب جمع کرائیں گے، جس پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں میرے خلاف توہین عدالت کی درخواست پردکھ ہوا ہے، میں وہ شخص ہوں جس نے عدلیہ کی خدمت کی ہے، میں نے تو کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ہی سماعت کا اختیار رکھتا ہے، میرے بیان کو توڑموڑ کرپیش کیا گیا، میں اس درخواست کا جواب دینا چاہتا ہوں، اس لئے وقت دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے دانیال عزیز کو 13 جون تک جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب دانیال عزیز نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مفرور اور اشتہاری ہیں، عمران خان نے ابھی تک منی ٹریل نہیں دی، وہ نقل مار خان ہے جب کہ ان کی جماعت حواس باختہ ہوچکی پے۔ دانیال عزیز نے جے آئی ٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کے دوران ایمبولینس بلا کر بڑا کارنامہ کیا گیا ، جے آئی ٹی کے سمن میں پوری رام کہانی لکھی گئی، کسی کو بھی جاری سمن دو لائنوں پرمشتمل ہوتا ہے، جمالی اور کھوسہ بنچ سے کچھ نہیں ملا جب کہ گاڈ فادر کے ناول کا سکرپٹ ہوبہو بنانے کی کالی کوشش کی جارہی ہے.