اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے توہین عدالت نوٹس پر اپنا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا ہے جب کہ معاملے کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن میں توہین عدالت نوٹس پر عمران خان کی جانب سے فواد چوہدری نے ان کا تحریری جواب جمع کرایا۔ اپنے جواب میں عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی توہین کا مرتکب ہوا نہ کبھی ایسا سوچا، اس اہم قومی ادارے کا احترام کرتا ہوں، صاف اور شفاف انتخابات کے لئے آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن پر یقین رکھتا ہوں، الیکشن کمیشن کو خودمختار بنانے کے لئے پی ٹی آئی نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں بھی متعدد تجاویز دی ہیں۔ 9 جنوری کو وکیل کی جانب سے دائر کی گئی نظرثانی درخواست واپس لے لی تھی، درخواست گزار نے میرے بیان کو حقائق کے برعکس پیش کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کا جواب پڑھ کر ریمارکس دیئے کہ یہ جواب پڑھ کر یہ بھی سمجھ نہیں آرہی کہ نوٹس کس بات کا دیا تھا، الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی۔