سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں بھارت نے تازہ ترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، جب کہ راجوڑی کے علاقے میں ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی۔
بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا کہ ان نوجوانوں نے سمبل کے علاقے میں بھارتی نیم فوجی فورس ’سی آر پی ایف‘ کے کیمپ پر حملہ کیا۔ اس دوران جوابی کارروائی میں چاروں نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق چاروں کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔ اس واقعے کے حوالے سے تمام معلومات پولیس نے فراہم کی ہیں دیگر آزاد ذرائع سے ان معلومات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سی آر پی ایف کے سب انسپکٹر یوگیش کمار نے بتایا کہ کشمیری نوجوانوں نے رات گئے کیمپ پر حملہ کیا اور جھڑپ میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔ سی آر پی ایف افسر نے نوجوانوں کو فدائی قرار دیتے ہوئے خود کش حملے کا منصوبہ ناکام بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ شہید کشمیری نوجوانوں سے 4 کلاشن کوف، گرنیڈ لانچراور دیگر اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا تاہم انھوں نے خود کش جیکٹس کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ علاوہ ازیں راجوڑی کے علاقے میں ذہنی دباؤ سے تنگ آکر ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی۔ تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے سروانن نے اپنی یونٹ کے ہیڈکوارٹرز میں پنکھے سے پھندا لگاکر خود کشی کرلی۔ رواں سال اب تک 383 بھارتی سیکورٹی اہلکار خودکشی کرچکے ہیں۔