بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے باوجود شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گلگت میں ساتویں روز بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔ شانگلہ اور آزاد کشمیر میں بارش دوبارہ تباہی مچانے لگی، پاک فوج نے چھ سو کلو میٹر سڑکیں بحال کر دیں۔لاہور: (یس اُردو) ابھی پرانی تباہی سے بحالی مکمل نہ ہوئی تھی کہ مزید بارشیں شروع ہو گئیں۔ شانگلہ میں دوسرے روز بھی بارش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ سے خوفزدہ لوگوں نے محفوظ مقامات کا رخ کر لیا۔ چکیسر میں پھنسے مکینوں کو خوراک اور بشام میں پانی کی قلت کا سامنا ہے۔کوہستان میں پہاڑی تودہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے تیئس افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ مقامی آبادی نے لینڈ سلائیڈنگ والی جگہ کو ہی قبرستان قرار دے دیا۔ گلگت میں سات روز بعد بھی بجلی کی سپلائی بحال نہ ہو سکی۔ مظفر آباد، راولا کوٹ، نیلم، ہٹیاں میں وقفے وقفے سے بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ پاک فوج کی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، قراقرم ہائی وے اور گلگت بلتستان میں چھ سو کلو میٹر طویل سڑکیں بحال کر دی گئی ہیں۔