اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق حکومتی فیصلوں کی وجہ سے میڈیا انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی ہے، اب میڈیا ہاؤسز کو سرکاری اشتہارات میرٹ پر دئیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت میڈیا امور سے متعلق اہم جلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں صوبائی وزرا بھی شامل تھے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہدایات کی ہیں کہ تمام میڈیا ہاؤسز کے بقایا جات کلئیر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس فیصلے سے میڈیا انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور ادائیگیوں کے بعد میڈیا ورکروں کو نکالنے کا سلسلہ رُک جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے میڈیا ہاؤسز کو بحران کا سامنا کرنا پڑا، اشتہارات پر حکومتی کنٹرول کو ختم کر رہے ہیں آئندہ اشتہارات میرٹ پر دیئے جائیں گے۔