لاہور: اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سلمان بٹ کو پاکستان اے ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، سابق کپتان کو آئندہ ماہ دورۂ زمبابوے میں پاکستان ’اے‘ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کرکٹ بورڈز کے درمیان پاکستان اے ٹیم کے دورے پر بات چیت جاری ہے، معاملات طے پا جانے کی صورت میں اے ٹیم زمبابوے کی مہمان بنے گی، مجوزہ دورے کے دوران سلمان بٹ کے نام کا قرعہ بھی نکل سکتا ہے۔ یاد رہے کہ سلمان بٹ لاہوراورواپڈا کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق پہلے ہی سلمان بٹ کو اے ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے بیان دے چکے ہیں۔گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے انضمام کا کہنا تھا کہ 6 سال بعد کرکٹ میں واپسی کے باوجود سلمان بٹ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انھیں فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں لانے کی بجائے اے ٹیم کی طرف سے صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جاسکتا ہے۔