لاہور(ویب ڈیسک) لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کر دی۔شدید گرمی کے بعد مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ باغوں کے شہر لاہور میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے موسم دلکش بنا دیا۔اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی ابر کرم برسا جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلا دھار بارش سے درجہ حرارت کم ہوگیا۔ ایبٹ آباد، ہری پور، مظفر آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ اور جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید گرمی رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ سبی میں درجہ حرارت 48، جیکب آباد میں 47 اور بہاولپور میں 46 تک جانے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے پشاور، راولپنڈی، کوہاٹ میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ہوگی۔