اسلام آباد(یس اردو نیوز)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں قومی سلامتی اورجیواسٹریٹجک صورتحال پرغور کیا گیا، کنٹرول لائن اورپاک افغان سرحد پرصورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا، محرم میں سول انتظامیہ کیساتھ مل کرضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ، کمانڈرز کو کورونا وائرس اور ٹڈل دل کے خطرات کے حوالےسے سول انتظامیہ کی مدد کرنے اور ضروری اقدامات کی ہدایت۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق منگل کے روز جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ایل او سی، پاک افغان بارڈر اور داخلی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت کے امور بھی زیر بحث آئے اور افغان گروپس کے درمیان جلد مذاکرات شروع ہونے کی امید کا اظہار کیا گیا۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں کورونا اور ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سول انتظامیہ سے تعاون پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کورونا کی روک تھام کے لیے گائیڈلائنز کو یقینی بنایا جائے اور محرم میں عوام کی سیکیورٹی، تحفظ کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاروں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سندھ اوربلوچستان میں سیلاب پر فوجی دستوں کی امدادی کارروائیوں کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہرممکن احتیاطی تدابیراختیارکی جائیں۔