نئی دہلی(یس اردو نیوز) بھارتی سپریم کورٹ کا ایک ملازم بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گیا جس کے باعث 2 رجسٹرار بھی آئسولیٹ کر دیے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے عدالتی سیکشن میں کام کرنے والے ایک ملازم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، معلوم ہوا کہ 16 اپریل کو وہ ڈیوٹی پر آیا اور اس دوران دو رجسٹرار سے رابطے میں آیا، جس پر انھیں بھی احتیاطاً قرنطینہ کیا گیا۔ 16 اپریل کے بعد وہ دو دن تک بخار میں مبتلا رہا، جس کے بعد اس کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا، اور گزشتہ روز ملازم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی، ملازم کو علاج کے لیے ایک سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، ان لوگوں کی شناخت بھی کی جا رہی ہے جو ملازم کے ساتھ رابطے میں آئے تھے۔خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے کسی ملازم میں پہلی بار کرونا کی تصدیق ہوئی ہے، 23 مارچ ہی سے عدالتی کارروائی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی جا رہی ہے۔کرونا وائرس سے انڈیا میں اب تک 939 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں کو وِڈ نائنٹین کی وبا تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے، اب تک 29 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وزارت صحت کے مطابق انڈیا میں کرونا انفیکشن سے 60 افراد ہلاک ہوئے، جو اب تک کسی ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں، جب کہ چوبیس گھنٹوں میں 1463 کیسز سامنے آئے۔