اسلام آباد : قومی اسمبلی میں کور کمانڈرز کانفرنس کا چرچا رہا۔ خورشید شاہ کہتے ہیں کور کمانڈرز کانفرنس میں گورننس بہتر بنانے کی بات حکومت کے لیے بہت بڑا اشارہ ہے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دونوں شریفوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیئے، سپیکر نے وزراء اور سیکرٹریز کی عدم موجوگی کا نوٹس لیتے ہوئے پلاننگ، داخلہ اور خزانہ کے سیکرٹریز کو فوری طلب کر لیا۔ سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ آج بھی حکومت پر خوب برسے اور وقفہ سوالات میں وزراء کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آدھی مدت گزار لی لیکن آج تک اس نے پارلیمنٹ کو سنجیدہ نہیں لیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ حکومت گورننس بہتر بنائے جو حکومت کے لیے بہت بڑا اشارہ ہے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ وزراء کو اجلاس میں شرکت کا پابند بنایا جائے۔ پارلیمنٹ کے باہر بننے والی کسی خارجہ پالیسی کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شریفوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیئے۔ اجلاس میں شیخ رشید نے کورم کی نشاندہی کی تو سپیکر نے نظر انداز کرتے ہوئے کارروائی جاری رکھی۔