کراچی (یس ڈیسک) کور کمانڈر کراچی نے رینجرز ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا، لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری رکھا جائے۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے رینجرز ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے انھیں کراچی میں جاری آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی رینجرز نے کور کمانڈر کو نائن زیرو سے برآمد کئے جانے والا اسلحہ بھی دکھایا، لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے رینجرز کی کارکردگی کو سراہا اور کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ترجمان رینجرز کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ نائن زیرو سے 26 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا۔ تمام ملزمان کی جے آئی ٹی سے تحقیقات کرائی جائے گی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم 50 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ 27 افراد پہلے سے ہی مختلف مقدمات میں نامزد ہیں ۔ تمام ملزموں کو خورشید بیگم سیکریٹریٹ اور ارد گرد کے گھروں سے حراست میں لیا گیا۔ دوسری طرف رینجرز نے نائن زیرو سے ملنے والا اسلحہ پولیس کے حوالے کر دیا۔
اسلحے میں 5 جی تھری رائفلیں ، 23 شارٹ مشین گنیں اور لائٹ مشین گن بھی شامل ہے ۔ 25 ٹرپل ٹو رائفلیں ، چھ سائلنسر ، پانچ ٹیلی سکوپ ، 36 واکی ٹاکی اور دو بلٹ پروف جیکٹس بھی پولیس کے حوالے کر دئیے گئے۔ نائن زیرو کی پولیس سیکورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے ، نائن زیرو کے اطراف میں 13 مقامات پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔