وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے آج ملک میں اچھا کام کرنا مشکل اور برا کام کرنا آسان ہو گیا ہے، کرپشن بس ایک نعرہ ہے جس میں لوگوں کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد کے نواحی علاقے سنگجانی میں انٹر چینج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل دھرنا ، احتجاج اور ایک دوسرے کو گالیاں دینا نہیں ہے، کرپشن کے خلاف ہر کوئی بات کرتا ہے لیکن عمل کوئی نہیں کرتا، نظام کو بہتر بنانے کے لیے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہئے، صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہنا ہوگا ۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان کی اس بات سے بہت سے لوگ ناراض ہوں گے لیکن حقیت یہی ہے کہ کرپشن بس ایک نعرہ ہے جس میں لوگوں کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری اداروں کے تعاون سے امن و امان کی صورت حال بہتری ہوئی ہے، ملک کو انتشار سے نکالنے اور پائیدار ترقی کے لیے رویوں میں مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے۔