اسلام آباد : بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئیں۔
بھارتی وزیر خارجہ کے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچنے پر وزارت خارجہ کے سینئرحکام اور بھارتی سفارتخانے کے عملے نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے دوران سرتاج عزیز سے ملاقات ہوگی اور پاکستان یہی پیغام لے کر آئی ہوں کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں اور پاکستانی حکام سے ملاقات کے دوران کیا بات ہوگی یہ واپس جاتے ہوئے پتہ چلے گا۔
سشما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے خطاب کریں گے جب کہ وہ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیرخاجہ آج وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گی جس میں پاک بھارت تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی جائے گی جب کہ افغان صدر اشرف غنی آج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچیں گے۔