اسلام آباد(یس ڈیسک) ملک بھر میں سردی کی لہر ایک بار پھر لوٹ آئی ہے، کہیں برفباری تو کہیں برکھارت، تو کہیں سرد ہواؤں کے ساتھ آسمان پر کالے بادل آ گئے۔ ملکہ کوہسار مری کے خوبصورت مناظر کو برف کی موتیوں نے اپنی آغوش میں لے لیا۔ جبکہ ٹھٹھرنے والی سردی کے باعث سیاحوں نے گھروں کا رخ کرنا شروع کردیا، رابطہ سڑکوں پر برف ہونے کے باعث شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جبکہ بجلی کا نظام بھی متاثر ہے۔ خیبر پختونخوا میں مالم جبہ، کالام اور مانہسرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مانسہرہ میں برفباری کے باعث شاہراہ قراقرم اور اوگی سے بٹگرام جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہو گئی
چترال میں بھی برفباری نے سردی کو بڑھا دیا ہے۔ لواری ٹنل دیر اور چترال سائیڈ پر مختلف مقامات پر برفانی تودے گرنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔ شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں زیارت، کان مہترزئی، کوہ سلیمان میں وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں موسم سرما کی بارش اور ژالہ باری نے موسم کے مزاج کو بدل دیا، جبکہ دیگر شہروں میں بھی سردی بڑھ گئی۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ٹھنڈی ہواوں اور آبر آلود موسم نے سردی کی شدت کو بڑھا دیا ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں غذر اور استور سمیت مختلف علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
قبائلی علاقے پاراچنار سمیت ایجنسی بھر میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری سے وسطی کرم کے پہاڑی علاقوں میں آمد و رفت کے راستے بند ہوگئے ہیں۔ خیبر ایجنسی اور ملحقہ قبائلی علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کی وجہ سے سردی کی لہر لوٹ آئی ہے۔ شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال بڑھا دیا ہے۔