حیدرآباد (جیوڈیسک) سابق گورنر پنجاب و پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری محمد سرور آرائیں نے کہا ہے کہ ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کا کریمنل جسٹس ناکام ہوچکا ہے، اس میں پریشانی کی بات ہے کہ ہمارا نظام ناکام ہوچکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے انجمن آرائیں کے 100 سالہ جشن کے موقع پر حیدرآباد میں منعقدہ سندھ آرائیں کنونشن کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
چوہدری سرور آرائیں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں غیر معمولی حالات میں فوجی عدالتیں بنائی ہیں، اب ہونا یہ چاہئے کہ ہم اپنے عدالتی اور پولیس کے نظام کو بہتر بنائیں، جمہوریت کو مستقل چلتے رہنا چاہیے، اگر ترقی کرنی ہے تو پھر تمام سیاسی جماعتوں کو قانون کی پاسداری کرنی ہوگی۔