کراچی (یس ڈیسک) دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے اور اس وقت ملک کا 80 فیصدحصہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب متاثر ہیں جس کے سبب شہریوں کی زندگی عذاب ہوگئی ہے۔ ترجمان وزارت وپانی بجلی کے مطابق این ٹی ڈی سی کے 3 گرڈ اسٹیشن ٹرپ ہو گئے ہیں۔ اور بجلی کی فراہمی میں یہ تعطل نیشنل گرڈاسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث ہوا ہے۔ گرڈ اسٹیشنوں پر ضرورت سے زیادہ لوڈ پڑا جس سے سسٹم ٹرپ کرگیا۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے اُچ پاور پلانٹ سے پاورلائن بریک ہوئی۔ مظفر گڑھ گرڈ اسٹیشن کی لائن بریک ہونے سے ملک کے متعدد گرڈ اسٹیشن ٹرپ ہوتے چلے گئے، ٹرپ ہونے والے گرڈ اسٹیشنوں میں لاکھڑا، جامشورو، تربیلا اور منگلا شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائنوں میں مقررہ حد سے زیادہ لوڈ آنے سے سسٹم فیل ہو گیا۔ جس سے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی بجلی معطل ہوئی۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں کی بجلی بحال کرنا پہلی ترجیح ہو گی، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی بجلی بحال کرنے کے بعد دیگر گرڈ اسٹیشنوں کی بجلی بحال کی جائے گی۔ بجلی کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران چوتھی دفعہ این ٹی ڈی سی کے سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی ہے۔ کیسکو کے مطابق گڈونیشنل سسٹم سے بلوچستان کو بجلی کی فراہمی بند ہوئی۔اور صوبے کے 29 اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔