کراچی (یس ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کرنے والے ملک دشمن ہیں اور ملک دشمنوں کا شہر سے صفایا کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر بلائے گئے اعلی سطح اجلاس میں شرکت کے لئے کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنر ہاؤس روانہ ہوئے جہاں اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو کراچی کی صورت حال پر حکام نے بریفنگ دی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں کسی دہشتگرد کو چھپنے نہیں دیں گے اور دہشتگردوں سے شہر کو پاک کیا جائےگا۔
اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلی سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور دیگر سیکیورٹی حکام شریک ہیں جو وزیراعظم کو کراچی کی صورتحال پر بریفنگ دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف سے ایم کیو ایم کا ایک وفد بھی ملاقات کرے گا جس میں انہیں کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل عام کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف ایم کیو ایم کے مقتول کارکن سہیل احمد کے اہل خانہ سے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔