لیہ (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام سے وعدہ کرتا ہوں موقع دیا تو ایوانوں کے دروازے عوام کے لیے کھول دیں گے اور وہاں جو موجود ہیں ان کے لیے اڈیالہ جیل کے دروازے کھلیں گے کیونکہ وہ ملک کو لوٹ کر کھا گئے ہیں۔
لیہ میں کسان کنونشن سے خظاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسی فیصد کسان ملک میں ہیں چاروں طرف ہریالی اور خوشحالی کسانوں کی وجہ سے ہے ۔ اسلام آباد کے حکمرانوں کو کیا معلوم گندم کا ایک دانہ کیسے بنتا ہے ، حکومت کو دانے کا بیج بونے والے کسانوں کا احترام کرنا چاہیے ۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو لوہے کے بارے میں زیادہ معلومات ہیں لیکن جو لوہے کا کاروبار کرتا ہے اس کا دل سخت ہوجاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر گندم گوداموں میں موجود ہے تو لوگ تھرپارکر میں کیوں مرتے ہیں امیروں کے کتے تو پلاؤ کھاتے ہیں لیکن ملک کا کسان پریشان حال ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں محنت اور پسینہ بہانے والوں کی قدر نہیں ہوتی ، وہ ملک ترقی نہیں کرتے کسان گندم کندھوں پر اٹھا کر حکمرانوں کے محلوں کا رخ کریں جب تک ملک میں کسان راج نہیں ہوگا ظالم وڈیرے مسائل حل نہیں کریں گے۔