لاہور : ملک بھر میں یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے جب کہ اس موقع پر رات 12 بجتے ہی کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
ملک بھر میں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے، گلی گلی، کوچے کوچے میں آزادی کے جذبے سے سرشار شہریوں نے چراغاں کیا اور قوم پرچموں سے اپنے گھروں کو سجایا جب کہ 13 اگست کی رات 12 بجتے ہی کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور اس موقع پر آسمان روشنیوں سےمنور ہوگیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں جشن آزادی کی مناسبت سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں نوجوان، بوڑھے، بچے سب ہی ملی نغموں پر رقص کیا۔ یوم آزادی کے موقع پر کراچی سمیت دیگر شہروں میں منچلے رات کو سڑکوں پر نکل آئے اور یوم آزادی کا جشن منایا۔
دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے كہ یہ دن خوشی كا بھی ہے، اﷲ تعالیٰ كے حضور سجدہ شكر بجا لانے اور اس عہد كو تازہ كرنے كا بھی كہ ہم متحد اور یكجان ہو كر ان مقاصد كے لئے جدوجہد كرتے رہیں گے جن كے لئے پاكستان حاصل كیا گیا تھا۔
انہوں نے كہا كہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے جنوبی ایشیا كے مسلمانوں كے لئے ایك آزاد و خودمختار ریاست كا خواب دیكھا ہے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے ولولہ انگیز تحریك كے ذریعے اس خواب كو تعبیر كی شكل دی ہے۔