فرانس (علی اشفاق) یورپ کے نیو فلر ریسرچ کے سب سے بڑے ادارے ”سرن “ کی رکنیت پاکستان اور دہشتگردی کیخلاف اس کے معاون کردار پر امن پسند دنیا کا اظہار اعتماد ہے جبکہ اسی ادارے کی جانب سے بھارت کی درخواست رکنیت کا رد کیا جانا بھارت کے کردار پر شکوک وشبہات کا ثبوت بھی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف فرانس کے رہنما نے ممبئی دھماکوں کے الزام میں بھارت کی جانب سے یعقوب میمن کی پھانسی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی ‘ معصو م بچوں کے سفاکانہ قتل اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کی پھانسی پر احتجاج کرنے والی ترقی یافتہ اقوام بھارتی جارحیت ‘سنگدلی اور بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر کیوں خاموش رہتی ہے۔
اشفاق احمد چودھری نے پاکستان میں بھارتی مداخلت اور ”را “ کی سرگرمیوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کے حکومتی فیصلے کو مثبت قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کی مگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی سی کمی کی آڑ میں جی ایس ٹی اور لیوی میں اضافے کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانے کی مذمت کرتے ہوئے حکمرانوں سے عقل کے ناخن لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
جبکہ سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہی نہیں بلکہ مکمل نظام ناکارہ اور بوسیدہ ہوچکا ہے جس کی مکمل اوورہالنگ کیلئے گورنر راج نہیں بلکہ ملک میں فوج ‘ جمہوری قوتوں ‘ منصفوں ‘ ٹیکنو کریٹس ‘ بیوروکریٹس ‘ دانشوروں اور عوام کے مسائل پر نظر رکھنے والے میڈیا نمائندگان پر مشتمل ”قومی حکومت “ کی تین سال کیلئے تشکیل ضروری ہوچکی ہے جو بوسیدہ و ناکارہ نظام کی ازسر نو ترتیب‘ تنظیم اور تزئین کے بعد ملک میں قومی انتخابات کراکر جمہوری عمل کو بہتر اصلاح کے ساتھ ملک میں جاری و ساری کرے۔