counter easy hit

ملک بھر میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری

Snowfall

Snowfall

اسلام آباد (یس ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد جاتی سردی پھر لوٹ آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی آج کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں مزید برفباری جبکہ نشیبی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ملک میں بارش برسانے والی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوا تو گرجنے برسنے والے بادل بھی ساتھ لایا۔

پنجاب اور اندرون سندھ بعض شہروں میں بارش ہوئی جبکہ زیادہ تر علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرہ جمالیا ہے۔ چمن، پشین، ژوب، ہرنائی، موسی خیل سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔ وادی زیارت کان مہترزئی کوژک ٹاپ اور کوہ سیلمان پر بھی مزید برفباری ہوئی۔ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے۔

ملک کے بالائی اضلاع استوراورغذر میں شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر وقفے وقفے سے دن بھر برف باری ہوتی رہی۔ کڑاکے کی سردی نے معمولات زندگی معطل کردیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر مزید برفباری جبکہ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالا، میرپور خاص اور سھکر ڈویژن سمیت فاٹا اور ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔