اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو لاحق خطرہ ابھی کم نہیں ہوا انٹیلی جنس کی اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد منصوبے بنارہے ہیں اور ملک پر اب بھی شدید خطرات منڈلارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پولیس دربار سےخطاب کرتےہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو آئے روز دھماکے ہوتے تھے تاہم اب ایسا نہیں ہوتا، ہمارے دور میں اب تک 500 سے زائد انٹیلی جنس آپریشن ہوئے جس میں متعدد دہشت گردوں کو پکڑا گیا تاہم پاکستان کو لاحق خطرہ کم نہیں ہوا، انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد منصوبے بنارہے ہیں اور ملک پر اب بھی شدید خطرات منڈلار ہے ہیں لیکن ہم بھی سینہ سپر ہیں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں حرام کھانے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ، پولیس اہلکار کارکردگی دکھائیں انہیں ملک بھر میں سب سے زیادہ مراعات دیں گے، اہلکار اللہ کے سوا کسی کا خوف دل میں نہ رکھیں اور وردی وہی پہنے جس میں جذبہ ہو جب کہ جس نے کام نہیں کرنا وہ اسلام آباد پولیس چھوڑدے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر گزشتہ دنوں اعلیٰ پولیس افسر کے بھائی کی گاڑی روکنے پر اہلکاروں کو انعام دیا جب کہ وفاقی دارالحکومت میں جرائم میں کمی نہ ہونے پر آئی جی پولیس کی سرزنش بھی کی۔