اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر اعتزاز احسن نے انکشاف کیا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے میں عدالت کے سامنے ایسا ثبوت موجود ہے جس کے بعد نواز شریف کو صرف معجزہ ہی بچا سکتا ہے۔
یس اردو نیوز کو دستیاب اطلاعات کے مطابق معروف قانون دان اعتزاز احسن نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس کا کیس بالکل شفاف ہے اس میں تو وقت لگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ ایک ثبوت ہی ایسا ہے جو وزیراعظم کے خلاف جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مے فئیر اپارٹمنٹس 1993-94 میں خریدے اور یہی ثبوت ان کو لے ڈوبے گا کیونکہ ان سالوں میں ان کا ٹیکس زیرو ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پھر یہ اپارٹمنٹس کہاں سے خریدے گئے؟
پی پی پی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کا بچنا اب بہت مشکل ہے کوئی معجزہ ہی ہو سکتا ہے جو وزیراعظم کو اس سزا سے بچا سکے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے 2 نومبر کے دھرنے کی کال اس وقت موخر کر دی تھی جب سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر تحقیقات کا آغاز کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد تمام سیاسی رہنمائوں نے بھی عدالت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کیس کا فیصلہ جلد از جلد کر دیا جائے۔