کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے آئندہ بلدیاتی الیکشن میں اپنا میئر لانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلا ٹارگٹ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ کراچی میں وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی ریلی کے آغاز سے قبل پریس کانفرنس کرتے
ہوئے پی ٹی آئی رہنما خرم شہر زمان نے کہا کہ ہمارا اگلہ ٹارگٹ بلدیاتی الیکشن ہے۔ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں میئر ہمارا ہوگا۔ ہم کراچی کو انٹرنیشل سٹی بنا کر دکھائیں گے۔ پی ٹی آئی تنظیم سازی کے حوالے سے خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم اپنی جماعت کو ایک زبردست جماعت بنانا چاہتے ہیں، جس کے لئے نوے روز کا پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔ بعد ازاں خرم شیر زمان کی ہی سربراہی میں وزیر اعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے مرکزی آفس تا ساحل سمندر تک شاندار ریلی بھی نکالی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج کل وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ایک نئی دکان کھولی ہوئی ہے۔ اس دکان کا نام آل پارٹیز کانفرنس ہے اور اب وزیراعلی سندھ کو مسائل کے حل کے لئے سابق میئر کی مشاورت کی ضرورت بھی پڑگئی لیکن پیپلز پارٹی نے پھر بھی کرپشن ہی کرنی ہے،11سالوں میں ترقیاتی کاموں کے نام پر صوبے میں کھربوں روپے کی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اور بلاول زرداری نے اپنی پہنچان تبدیل کردی ہے، مریم صفدر اپنے آپ کو مریم نواز کہلواتی ہیں اور بلاول زرداری اپنے آپ کو بلاول بھٹو کہلواتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان11جولائی کو کراچی کا دورہ کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی خرم شیر زمان نے اپنے ایک بیان میں سندھ حکومت کو ملک کی سب سے بڑی مافیا قرار دیتے ہوئے کہا تھا پیپلز پارٹی نے شہرِ قائد کو لوٹنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں واٹر بورڈ ٹھیک نہیں ہوسکتا، شہر کراچی میں پانی پر جھگڑے شروع ہوجائیں گے، حکومت کو ہر گھر سے ٹیکس ملتا ہے اربوں روپے جانے کہاں جارہے ہیں۔