راولپنڈی (یس ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اشتہاری قرار دے کر ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عبدالقیوم نے موٹروے پر پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں درج مقدمے کی سماعت کی۔
اس موقع پرعدالت نے عدم پیشی پر ڈاکٹر طاہر القادری کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں پولیس کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر طاہر القادری ملک میں جہاں کہیں بھی ملیں انہیں فوری طور پر گرفتار کرلیا جائے۔
واضح رہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں 13 اگست کو لاہور سے اسلام آباد جانے والے انقلاب مارچ میں شامل لوگوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر مبینہ تشدد سے ایک اہلکار دم توڑ گیا تھا جس پر آر پی او راولپنڈی کے حکم پر ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
جب کہ 13 نومبر کو مقدمے کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے ڈاکٹر طاہر القادری کو اشتہار قراردے کر انہیں گرفتار کر کے 13 دسمبر تک عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔