اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک عدالتوں میں انصاف بکتا رہے گا دہشت گردی ختم نہیں ہو گی۔
سہالہ پولیس ٹریننگ کالج میں فارغ التحصیل ہونے والے سب انسپکٹرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انصاف کے لیے قوم کی نظریں پولیس فورس کی جانب ہیں۔
پولیس کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے،ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے کہا کہ دشمن کی مکمل شکست اور تباہی اس وقت ہوگی جب بندوق کی گولی کے ساتھ ساتھ انصاف کی گولی چلے گی، صرف تھانوں اور کچہری میں ہی نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی انصاف کے مربوط نظام تک ہم کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکیں گے۔
سہالہ ٹریننگ کالج سے 408 سب انسپکٹر فارغ التحصیل ہوئے ، تربیت مکمل کرنے والوں میں 76 خواتین بھی شامل ہیں ۔ نشانہ بازی میں بہترین کارکردگی پر محمد یونس کو اعزازی شیلڈ دی گئی ، مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا انعام سمیرا لطیف کو دیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹریننگ مکمل کرنے والے افسران میں انعامات تقسیم کئے۔