کرن جوہر اور شاہ رخ خان کی مشترکہ فلم ’’اتفاق‘‘ باکس آفس پر اچھا بزنس کررہی ہے لیکن اس نے بولی وڈ کے بادشاہ اور نئی دہلی سرکار میں عدالتی جنگ چھیڑ دی ہے۔
کرن جوہر، شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے مشترکہ طور پر فلم ’’اتفاق‘‘ میں سدھارتھ ملہوترا، سونا کشی سنہا اور اکشے کھنہ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم اپنی کہانی اور اچھی اداکاری کی وجہ سے ناظرین میں پسند کی جارہی ہے لیکن نئی دلی کی حکومت نے فلم کے پروڈیوسرز کو قانون شکنی پر عدالتی نوٹس بھجوادیا ہے۔ نئی دہلی کے محکمہ صحت کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم ’’اتفاق‘‘ کے پوسٹر میں ایک شخص ہونٹوں میں سگریٹ دبائے سگریٹ کو لائٹر سے جلانے کی کوشش کررہا ہے، اس پوسٹر سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اداکار تمباکو نوشی کی تشہیر اور اپنے ناظرین کو اس کام کے لیے اکسا رہا ہو اور ایسا کرنا بھارتی قانون کے خلاف ہے۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ پوسٹر بھارت کے ’’سگریٹ اینڈ ادر ٹوبیکو پراڈکٹس ایکٹ 2003‘‘ کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کی ذمہ داری مکمل طور پر فلم کے پروڈیوسرز پر عائد ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ فلم ’’اتفاق‘‘ 3 نومبر کو بھارت بھر میں سینما گھروں کی زینت بنی ہے لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے بعد نئی دلی کے محکمہ صحت نے قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔