کراچی: چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں (سی پیک) میں تیزی سے پیش رفت کی وجہ سے توانائی، تعمیرات اور کمیونی کیشن سیکٹر میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، چین پاکستان میں برہ راست سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے ، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان میں چینی براہ راست سرمایہ کاری میں 200 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران چین نے پاکستان میں 42 کروڑ 98 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ چین کی جانب سے گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 13 کروڑ 77 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کی تھی، صرف ستمبر 2017 کے مہینے میں چین نے پاکستان میں 16 کروڑ 71 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، سی پیک منصوبوں میں زیادہ تر سرمایہ کاری توانائی اور انفرااسٹرکچر منصوبوں میں کی جارہی ہے۔
توانائی کے شعبے میں 26 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس میں سے 3 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری تیل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں کی گئی جبکہ پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 6 کروڑ 42 لاکھ ڈالر اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 17 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران توانائی کے شعبے میں 12 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جس میں سے 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھرمل پاور، 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر ہائیڈل جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں 5 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔