واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا آئندہ ایک دو ہفتے میں الگ الگ دورہ پاکستان متوقع ہے، پاک امریکا باہمی روابط میں تیزی آ رہی ہے: اعزاز چوہدری
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر نے امریکا کو سی پیک منصوبہ پر سوچ بدلنے کا مشورہ دے دیا۔ اعزاز چوہدری نے کہا سی پیک منصوبہ خوشحالی کی نوید ہے، کسی ملک کو منصوبے کو کسی اور نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے، امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا آئندہ ایک دو ہفتے میں الگ الگ دورہ پاکستان متوقع ہے۔ نیوز چینل سے خصوصی گفتگو میں اعزاز چوہدری نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے حوالے سے امریکا کے شکوک وشبہات دور کرنے کی کوشش کی ہے، دونوں ملکوں کے روابط میں تیزی آرہی ہے، پاکستان اور امریکا کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ڈپلومیٹ میگزین کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حساب کتاب کی باتیں کرتا ہے، امریکا نے افغان جنگ میں ہماری بندرگاہ، ہماری سڑکیں، انفراسٹریکچر استعمال کیں لیکن ہم نےکبھی حساب نہیں کیا۔